بنگلورو۔(ہرپل نیوز)17 ڈسمبر: بلگاوی میں کل سابق وزیراعظم آنجہانی اندراگاندھی کی صد سالہ تقریبات کے پروگرام میں شرکت کیلئے اے آئی سی سی نائب صدر راہول گاندھی کی آمد کیلئے پوری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ یہاں کے ضلع اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے راہول گاندھی اس سلسلے میں ایک بہت بڑے جلسہئ عام سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام میں شرکت کیلئے ریاست بھر سے کانگریس کارکن اور لیڈران بڑی تعداد میں بلگاوی میں جمع ہورہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سدرامیا، لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ملیکارجن کھرگے، ریاستی کابینہ کے تقریباً تمام وزراء، اراکین پارلیمان اور اس علاقہ کے اراکین اسمبلی اور کونسل جلسے میں حاضر رہیں گے۔وزیر داخلہ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کی قیادت میں بلگاوی میں انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ ضلع انچارج وزیر رمیش جارکی ہولی، ایک اور وزیر سنتوش لاڈ بھی انتظامات کی تیاریوں کیلئے ڈاکٹر پرمیشور کے ساتھ بلگاوی میں ہی مقیم ہیں۔ کانگریس کارکنوں کی طرف سے کانگریس نائب صدر کا استقبال کرنے کیلئے جابجا شہر کو سجایا گیا ہے۔جلسہئ عام میں سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔راہول گاندھی کی سیکورٹی کیلئے ایس پی جی کے ساتھ دو ہزار پولیس جوان متعین کئے گئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ اس اسٹیڈیم میں ہونے والے جلسہئ عام میں 50 ہزارلوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

آج راہول گاندھی بلگاوی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے
The short URL of the present article is: http://harpal.in/zMFz6