Breaking News
Home / اہم ترین / اترپردیش : حکومت کے ساتھ بسوں کے رنگ میں بھی تبدیلی ، اب بھگوا رنگ میں رنگی نظر آئیں گی بسیں

اترپردیش : حکومت کے ساتھ بسوں کے رنگ میں بھی تبدیلی ، اب بھگوا رنگ میں رنگی نظر آئیں گی بسیں

لکھنو:18؍ستمبر(ہرپل نیوز) اترپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (یوپی ایس آر ٹی سی) کی بسیں اب بھگوا رنگ میں رنگی نظر آئیں گی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے منسلک جن سنگھ کے بانیوں میں سے ایک پنڈت دین دیال اپادھیائے کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر آئندہ 25ستمبر سے مختلف مقدس مقامات( تیرتھ استھلوں) کے لئے بھگوا رنگ کی بسیں چلائی جائیں گی۔ ان بسوں میں عام کرایہ ہوگا۔ انہیں بلاک کی سطح پر چلایا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اترپردیش موٹر وہیکل ایکٹ میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ یو پی ایس آر ٹی سی بسوں کو رنگنے میں ’نیلا اور کریم رنگ استعمال‘ کیا جائے گا لیکن بسوں کا رنگ سیاسی اور دیگر وجوہات سے تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر (آزادانہ چارج) سوتنتر دیو سنگھ نے کہاکہ بسوں کی کشش بڑھانے کے لئے مختلف رنگوں سے انہیں سجایا جاتا ہے۔ مسٹر سوتنتر دیو سنگھ نے کہاکہ اگر آپ دیکھیں گے تو وہ صرف بھگوا رنگ میں نظر نہیں آئیں گی بلکہ رنگ اور ڈیزائن سے وہ خوبصورت نظر آئیں گی۔ بی ایس پی کی حکمرانی کے دوران بسوں کا رنگ نیلا اور سفید تھا جبکہ ایس اپی کے دور اقتدار میں ان کا رنگ سبز اور لال ہوگیا تھا  ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے حکام نے آج یہاں بتایا کہ خصوصی سروس کے لئے مختلف رنگ سے بس کو پہچاننے میں مدد ملے گی۔ ریاست میں عقیدت مندوں کی سہولیات اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کارپوریشن نے تمام مذہبی مقامات کے لئے بس چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ان بسوں کا رنگ الگ رکھا گیا ہے جس سے انہیں دور سے پہچانا جاسکے۔ کانپور میں یو پی ایس آر ٹی سی کی سنٹرل ورکشاپ میں نئی بسیں تیار کی جارہی ہیں۔ ہر بس کی لاگت تقریباََ 24لاکھ روپے ہے۔ ’انتیودے سیوا‘ کے پہلے مرحلہ میں 50بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ ریاستی حکومت کا دیہی اور شہری علاقوں کو بس خدمات سے جوڑنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی دس ہزار بسوں کو گاووں تک پہنچائے گی۔ رواں مالی سال میں ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی پانچ ہزار نئی بسوں کو اس کام میں لگایا جائے گا۔ بی ایس پی حکومت نے خصوصی بس سروس شروع کی اور ایس پی حکومت نے لوہیا دیہی بس سروس کی شروع کی تھی۔ ان بسوں کو بھی اسی طرز پر چلایا جارہا ہے۔ نئے منصوبہ کے تحت چلائی جارہی بسوں کا کرایہ 20فیصد کم ہوگا۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/wbBg8

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے