Breaking News
Home / اہم ترین / براڈوے روڈ پربی بی ایم پی سوپر اسپیشالٹی اسپتال بہت جلد کھل جائے گا۔جارج اور میئر کے ہمراہ روشن بیگ کا معائنہ،عمارت کے لئے مزید 7کروڑ روپے دینے کا اعلان

براڈوے روڈ پربی بی ایم پی سوپر اسپیشالٹی اسپتال بہت جلد کھل جائے گا۔جارج اور میئر کے ہمراہ روشن بیگ کا معائنہ،عمارت کے لئے مزید 7کروڑ روپے دینے کا اعلان

بنگلورو۔(ہرپل نیوز) 12؍اپریل۔ شہر کے شیواجی نگر علاقہ میں براڈوے روڈ پر زیر تعمیر برہت بنگلور مہانگر پالیکے سوپر اسپیشالٹی اسپتال کے کام کو تیزی سے تکمیل کی طرف آگے بڑھایا جارہاہے، عنقریب اس پراجکٹ کو پورا کرکے عوام کیلئے کھول دیاجائے گا۔اس عمارت میں برہت بنگلور مہانگر پالیکے اور نارائن ہردالیہ کے اشتراک سے ایک اعلیٰ معیاری قلبی اسپتال قائم ہوگا۔ جہاں امراض قلب کا بہترین علاج کرنے کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔آج ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کے ہمراہ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، شہر کی میئر جی پدماوتی ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد ، بی بی ایم پی مالیاتی کمیٹی کے چیرمین ایم کے گنا شیکھر ، کارپوریٹرس شکیل احمد، اشتیاق احمد اور دیگر نے اس اسپتال کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ اسپتال کے تعمیری کام کا جائزہ لینے کے بعد مسٹر جارج نے اطمینان کا اظہار کیا اور بی بی ایم پی عملے کو ہدایت دی کہ جلد از جلد اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے ،تاکہ نارائن ہردالیہ کی طرف سے اسپتال میں علاج کی سہولتیں جلد قائم کی جاسکیں۔ اس اسپتال کی تعمیر11.17کروڑ روپیوں کی لاگت سے ہونا طے تھی اس اسپتال کی تکمیل کے لئے مزید 7کروڑ کی رقم درکار ہے۔ مسٹر جارج اور بی بی ایم پی میئر نے رقم فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی جناب روشن بیگ نے بتایاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے 11.12 کروڑ روپیوں کی لاگت پر اس عمارت کی تعمیر کی جارہی ہے اسے مکمل کرنے اور تمام تر سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے مزید 7 کروڑ روپیوں کی مانگ رکھی گئی جسے مسٹر جارج نے منظور کرلیا ہے۔ نارائن ہردالیہ کی طرف سے یہاں 25کروڑ روپیوں کی لاگت کی مشنری اور اعلیٰ معیاری آپریشن تھیٹرس ، وارڈس ، آئی سی یو ، لیباریٹری وغیرہ مہیا کرائے جائیں گے۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ شہر میں امراض قلب کے دن بدن عام ہونے اور اس مرض میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد میں اموات اور پھر نجی اسپتالوں میں اس کے مہنگے علاج نے کئی خاندانوں کو تاراج کردیا ہے۔حالانکہ نارائن ہردالیہ کا اسپتال جو الیکٹرانک سٹی کے قریب بمسندرا میں قائم ہے، شہر کے شمالی علاقوں سے اس اسپتال تک پہنچتے پہنچتے کئی مریضوں کی موت بھی ہوچکی ہے۔ شہر کے اس علاقہ میں امراض قلب کے نام پر جو پرائیویٹ اسپتال موجود ہیں، بدقسمتی سے ان میں سے بیشتر صرف پیسہ کمانا ہی مقدم سمجھتے ہیں، مریض کی دیکھ بھال اور اس کا فوری علاج ان اسپتالوں کی ترجیحات میں نہیں ہے۔خاص طور پر غریب مریضوں کو ان اسپتالوں کا تصور بھی محال لگتا ہے۔ قلبی امراض میں مبتلا مریضوں کے بہتر سے بہتر علاج اور وہ بھی رعایتی شرحوں پر مہیا کرانے کے مقصد سے انہوں نے نارائن ہردالیہ کے سربراہ ڈاکٹر دیوی شٹی سے گذارش کی تو انہوں نے فراخدلی سے براڈوے روڈ پر تعمیر ہونے والی عمارت میں اپنی نارائن ہردالیہ کی شاخ قائم کرنے پر نہ صرف رضامندی ظاہر کی بلکہ اس عمارت میں مہیا کرائے جانے والے علاج کیلئے جدید ترین طبی آلات اپنے فنڈ سے نصب کرانے پر بھی آمادگی ظاہر کردی۔جناب روشن بیگ نے بتایاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے اس عمارت کی تعمیر کاکام تقریباً80فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔ بہت جلد اس کام کو مکمل کرنے کیلئے افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ یا اگلے ماہ کے اواخر تک اس عمارت کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس عمارت کی تکمیل کے فوراً بعد نارائن ہردالیہ کی جانب سے یہاں تیزی سے مشنری نصب کردی جائے گی، اور اسپتال جلد ہی عوام کی خدمت کیلئے کھول دیاجائیگا۔

سوئمنگ پول کا افتتاح: اس موقع پر جناب روشن بیگ نے بتایا کہ ان کے حلقہ میں آنے والے السور میں واقع کینسنگٹن سوئمنگ پول جو تجدید ومرمت کیلئے کچھ عرصہ سے بند تھا اب وہ مکمل ہوچکا ہے۔ 19 اپریل کو وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج اور وزیر برائے کھیل کود وامور نوجوانان پرمود مادھوا راج کے ہمراہ وہ اس پول کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی علاقہ کے نوجوانوں کیلئے تیراکی کی ایک سہولت جو عرصۂ دراز سے موجود تھی، تجدید ومرمت کے بعد دوبارہ دستیاب رہے گی۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/3hkne

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے