امپھال(ہرپل نیوز،ایجنسی)15مارچ:۔ سری این بيرین سنگھ نے شمال مشرقی ریاست منی پور کے وزیر اعلی کے عہدے کا آج حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنی ہے۔ بی جے پی کو 60 رکنی اسمبلی میں 21 سیٹیں ملی تھیں اور اس نے نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) اور ناگا پیپلز فرنٹ کے چار چار اراکین اسمبلی کی حمایت اور دیگر جماعتوں اور آزاد اراکین اسمبلی کے تعاون سے اکثریت کے لئے مطلوب تعداد کی تائید حاصل کر لی تھی۔ گورنر نجمہ ہیبت اللہ نے مسٹر سنگھ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔ 60 ارکان کی اسمبلی میں کانگریس 28 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ تاہم حکومت بنانے کا دعوی بی جے پی نے پیش کیا۔ پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں 21 سیٹیں ہی ملی ہیں جبکہ اس کا دعوی ہے کہ اس کے پاس 32 ممبران اسمبلی کی حمایت ہے۔