Breaking News
Home / اہم ترین / راجیہ سبھا اور کونسل امیدواروں کی نامزدگی سے ریاست کی سیاست گرم

راجیہ سبھا اور کونسل امیدواروں کی نامزدگی سے ریاست کی سیاست گرم

rajya_sabhaبی جے پی کی نامزدگیوں کا اندراج، 10 اور 11 جون کو پولنگ

بنگلورو۔30مئی (ہرپل نیوز) راجیہ سبھا اور ریاستی لجسلیٹیو کونسل انتخابات کی گرمی نے آج اہم امیدواروں کی طرف سے نامزدگی کے ساتھ ہی سکون اختیار کرلی۔ کانگریس کی طرف سے راجیہ سبھا کیلئے آسکر فرنانڈیز، جئے رام رمیش اور کے سی رام مورتی نے اپنی نامزدگی داخل کردی تو دوسری طرف جنتادل یس کی طرف سے راجیہ سبھا کیلئے منگلور کے بلڈر بی یم فاروق اور کونسل کیلئے نارائن سوامی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ راجیہ سبھا کیلئے بی جے پی کی امیدوار مرکزی وزیر نرملا سیتا رامن اور کونسل کیلئے امیدوار وی سومنا کل اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ کونسل کیلئے کانگریس سے آر بی تماپور، رضوان ارشد، وینا آچیا نے نامزدگی داخل کی، جبکہ الم ویربھدرپا کل اپنا پرچہ داخل کریں گے۔ پارٹی کے باضابطہ امیدواروں کے طور پران کی تائید کرنے کیلئے آج وزیر اعلیٰ سدارامیا کی قیادت میں دس دس اراکین اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ نامزدگی کے کاغذات اسمبلی سکریٹری مورتی کو پیش کئے گئے۔ کانگریس کی طرف سے راجیہ سبھا کیلئے رام مورتی کو تیسرے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارے جانے سے ریاستی جنتادل یس سخت ناراض ہے، کیونکہ اسے امید تھی کہ تیسرے امیدوار کو اگر کانگریس میدان میں نہ اتارتی تو اس کے امیدوار بی یم فاروق کی جیت یقینی ہے، لیکن وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اپنی پارٹی کے 32افزود ووٹوں کے ساتھ آزاد اراکین اسمبلی کی بھی حمایت جٹاکر رام مورتی کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی وضع کی ہے ،جس کی وجہ سے جنتادل یس قیادت چراغ پاہوگئی ہے۔ جنتادل یس کے پانچ باغی اراکین اسمبلی ضمیر احمد خان، اقبال انصاری، ین چوڈیا سوامی، بال کرشنا اور اکھنڈا سرینواس مورتی نے کھل کر کانگریس کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ راجیہ سبھا کیلئے تین اور کونسل کیلئے چار نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کے آثار نمایاں نظر آرہے ہیں۔ ان چاروں کو ووٹ دینے کے بعد بھی کونسل انتخابات میں کانگریس کے 10 ووٹ افزودرہیں گے۔ پارٹی نے یہ افزود ووٹ آزاد امیدوار انیل کمار کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ،جبکہ انل کمار اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح آزاد امیدواروں اور جے ڈی یس کے باغیوں کی حمایت حاصل کرکے کونسل میں اپنا داخلہ یقینی بنائیں۔ آج امیدواروں کی طرف سے نامزدگی کے مرحلہ میں کے پی سی سی صدرو وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور، ایوان بالا کے لیڈر یس آر پاٹل، ریاستی وزراء روشن بیگ، ڈی کے شیوکمار، اوما شری وغیرہ موجود تھے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/pVOEP

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے