Breaking News
Home / اہم ترین / روشن بیگ پر شوبھا کےالزام میں سچائی نہیں: وزیر اعلی سدرامیا نے روشن بیگ کا کیا دفاع

روشن بیگ پر شوبھا کےالزام میں سچائی نہیں: وزیر اعلی سدرامیا نے روشن بیگ کا کیا دفاع

بنگلورو،6؍ستمبر(ہرپل نیوز) بی جے پی رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کی طرف سے ریاستی وزیر شہری ترقیات جناب روشن بیگ پر آر ایس ایس کارکن ردریش کے قتل کے معاملے میں کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی ہر طرف سے مذمت کی جارہی ہے۔ آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے شوبھا کارند لاجے کے اس الزام پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ روشن بیگ پر یہ الزام سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ بی جے پی سماج میں بدامنی پھیلانے کیلئے اس طرح کے بیہودہ الزامات لگانے پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حساس معاملات کو سیاسی رنگ دے کر فائدہ اٹھانا بی جے پی کی دیرینہ فطرت رہی ہے۔ شوبھا کارند لاجے نے اپنی پارٹی کی فطرت کے مطابق اقلیتی طبقات کے ایک نامور لیڈر کو بدنام کرنے کی کوشش بسیار کی ہے۔ جھوٹے الزامات لگانا ، فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینا، فسادات بھڑکانا وغیرہ بی جے پی اور اس کے ہمنواؤں کے مشاغل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ روشن بیگ پر شوبھا کارند لاجے نے جو الزامات لگائے ہیں وہ یکسر بے بنیاد اور مکمل سیاسی نوعیت کے ہیں۔انہوں نے شوبھا کارند لاجے سے کہاکہ گویائی کی صلاحیتوں کا استعمال من مانے بیانات کیلئے نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ خود روشن بیگ نے شوبھا کے الزامات کی پرزور تردید کی ہے اور اپنی طرف سے کھل کر وضاحت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ردریش کے قتل کے سلسلے میں پولیس تحقیقات کرکے چند ملزمین کو پکڑنے میں کامیاب ہوپائی ہے، معاملے کی جانچ ابھی جاری ہے۔غیر ضروری طور پر جانچ کا رخ موڑنے کیلئے ہوسکتا ہے کہ بی جے پی نے اس طرح کے بیانات دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/Ef0Ze

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے