منگلورو(ہرپل نیوز،ایجنسی)9؍مارچ:وزیر جنگلات بی رماناتھ رائے کی قیادت میں جنوبی کینرا کے قائدین کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سدا رامیا سے ملاقات کی اور یہاں ساحلی علاقے میں ریت نکالنے اور سپلائی کرنے پر پابندی کی وجہ سے درپیش مسائل بیان کیے۔اور مطالبہ کیا کہ ساحلی علاقے میں ریت کے سلسلے میں قومی پالیسی سے ہٹ کر ایک نئی پالیسی وضع کی جائے۔
پتہ چلا ہے کہ وزیراعلیٰ نے مسائل کو سنجید گی سے سننے کے بعد اس بات کا وعدہ کیا کہ صرف ریاست کرناٹک اور ساحلی علاقے کے لئے ریت نکالنے کی نئی پالیسی ترتیب دینے کے تعلق سے وہ متعلقہ محکمہ جات سے صلاح و مشورہ کریں گے اور جلد ہی عملی طور پر نئی پالیسی لاگو کرنے کے بارے میں اقدام کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے وفد سے کہا کہ عوام کی مشکلات کا ان کو احساس ہے۔ محض قانون، طریقہ کار اور پالیسی کے نام پر عوام کو اپنی چھت کی تعمیر سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔