Breaking News
Home / اہم ترین / صحافت کی آزادی کا احترام ، لیکن کوئی بھی چیز قومی سیکورٹی سے بالاتر نہیں : وینکیا نائیڈو

صحافت کی آزادی کا احترام ، لیکن کوئی بھی چیز قومی سیکورٹی سے بالاتر نہیں : وینکیا نائیڈو

حیدرآباد:6 نومبر (ہرپل نیوز / ایجنسی) مرکزی وزیر اطلاعات ونشریات ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا ہے کہ صحافت کی آزادی کا احترام کیا جائے گالیکن کوئی بھی چیز قومی سکیورٹی سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (ٹی یو ڈبلیو جے) کی جانب سے شہر حیدرآباد کے سالارجنگ میوزیم کے آڈیٹوریم میں اردو صحافیوں کے لیے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی قومی مفاد سے بالاتر نہیں ہے ۔ہم پہلے شہری ہیں اور بعد میں صحافی۔

انہوں نے صحافیوں بالخصوص الکٹرانک میڈیا پرزور دیا کہ وہ کسی بھی واقعہ کو سنسنی خیز نہ بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو چاہئے کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ذمہ دارانہ صحافت سے کام لیں۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ حقیقت پسند بنیں اور حقائق کی توثیق کے بعد ہی رپورٹ کریں

وزیرموصوف نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ خبروں میں اپنی رائے نہ شامل کریں ۔خبر،رائے سے جداگانہ ہوتی ہے ۔خبر سماج سے متعلق ہوتی ہے جبکہ رائے انفرادی احساس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی شخص مکمل نہیں ہوتا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر کوئی اپنی مہارت اور معلومات میں اضافہ کرے۔ انہوں نے اردو صحافیوں کے لیے پروگرام منعقد کرنے پر تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کو مبارکباد پیش کی ۔

بی جے پی لیڈر نے کہاکہ مرکز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونکیشن کے ریجنل سنٹرس کے قیام کے بعد متعلقہ زبانوں میں صحافیوں کو تربیت دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ دوردرشن روزانہ 15منٹ کا دو اردو بلیٹن پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیٹن کے اوقات میں اضافہ کا ان کی وزارت منصوبہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر اردو کے سینئر صحافی و حیدرآباد سے شائع ہونے والے مشہور اردو روزنامہ ’’ اعتماد ‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹرجناب سید باسط محی الدین علی (باسط قادری ) کو اردو صحافت میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں تہنیت پیش کی گئی۔

مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے انہیں شال اوڑھائی اور انہیں مومنٹو بھی دیا گیا۔ مسٹرباسط قادری کے علاوہ دیگر اردو صحافیوں کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ حیدرآباد کے روزنامہ رہنمائے دکن کے سینئر صحافی مسٹر خرم نفیس کو 25ہزار روپے کیسہ زر پیش کیاگیا۔ اس تقریب میں مسٹر عابد رسول خاں صدرنشین آندھراپردیش و تلنگانہ اقلیتی کمیشن ‘ تلنگانہ کے کمشنراطلاعات و تعلقات عامہ نوین متل، سینئر صحافی سرینواس ریڈی نے صدارت کی۔

پریس کونسل کے رکن امرناتھ ‘ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس‘ کے امرناتھ رکن پریس کونسل آف انڈیا ‘مسٹر عامر علی خاں نیوزایڈیٹر روزنامہ سیاست مسٹر سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی مجلس اتحادالمسلمین ‘ پروفیسر ایس کے شکورڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے علاوہ تلنگانہ کے 31اضلاع کے اردو صحافیوں کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ بعدازاں اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مسٹر ایم اے ماجد سینئر صحافی، اسوسی ایٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد و رکن عاملہ انڈین جرنلسٹس یونین نے کی.

The short URL of the present article is: http://harpal.in/1kihf

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے