Breaking News
Home / اہم ترین / ملک بھرمیں میلاد النبی منایا گیا ۔گلبرگہ کا جلوس میلاد النبیﷺ پورے ملک کے لئے مثالی: قمرالاسلام کا دعوی

ملک بھرمیں میلاد النبی منایا گیا ۔گلبرگہ کا جلوس میلاد النبیﷺ پورے ملک کے لئے مثالی: قمرالاسلام کا دعوی

 دہلی لکھنو،بنگلوروگلبرگہ(ہرپل نیوز؍ایجنسی)12؍دسمبر:ملک بھر میں میلادالنبی مذہبی عقیدت اور جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔ پیغمبر اسلام کی امت  کے تئیں عقیدت و احترام کا اظہار کر تے ہوئے قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر مختلف مذہبی مقامات پر جلسے منعقد کئے گئے ۔اس موقع پر امن و سلامتی ا ور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دینے کے لئے سفید کبوتر اڑائے گئے۔گلبرگہ میں مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ کے زیراہتمام10؍دسمبر کی شب مسلم چوک گلبرگہ پر محفل میلاد مصطفی ﷺ کی شان میں’’نوربھری رات‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس تقریب کی نگرانی الحاج ڈاکٹر قمرالاسلام صاحب صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ و سابق ریاستی وزیر حکومت کرناٹک، رکن اسمبلی گلبرگہ شمال نے فرمائی ۔ اُنہوں نے حافظ فرقان رضا قادری جنوبی آفریقہ جو عالمی شہرت یافتہ ثنا خواں ہیں کے دوسری مرتبہ گلبرگہ تشریف لانے پر محترم کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر گلبرگہ میں مسلسل 39ویں جلوس و جلسہ میلاد النبیﷺ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارے ملک کے لئے ایک عظیم مثال ہے ۔یوں تو ملک میں کئی جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے لیکن بیشتر انتشار اور بد نظمی کا شکار ہو کر اپنا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے۔ الحاج قمرالاسلام نے کہا کہ سرزمین گلبرگہ کی اس تاریخی ، ہندو مسلم بھائی چارگی کی تہذیب رکھتے ہوئے شہر سے گذشتہ38برسوں کے دوران فقید المثالی جلوس و جلسہ میلاد النبیﷺ گلبرگہ شریف میں منعقد کئے گئے ۔ اب یہ39واں جلوس وجلسہ میلادالنبیﷺ بھی الحمدللہ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے 500اور ہزارروپئے کے نوٹوں کی منسوخی کا بھی اس پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ حافظ فرقان رضا قادری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے سارے دنیا میں21ممالک کا دورہ کیا جن میں ہندوستان، بنگلہ دیش، پاکستان، دبئی، برطانیہ، اسکاٹ لینڈ، زمبابوے، جنوبی آفریقہ وغیرہ شامل ہیں ۔ ان تمام ممالک میں انہوں نے نعت شریف کے کامیاب پروگرام پیش کئے ہیں ۔ جناب حافظ فرقان رضا قادری نے اس موقع پر اپنے مخصوص انداز میں نعت شریف پڑھنا شروع کیا تو لوگوں پر وجد طاری ہونے لگا۔ بیچ بیچ میں لوگ اٹھ کر نعرۂ تکبیر بلند کر رہے تھے ۔ ہزاروں لوگوں پر روحانی کیفیت طاری ہوگئی تھی ۔ حافظ قاری الحاج اسد اللہ صاحب کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ حضرت مولانا افضل برکاتی صاحب مبلغ سنی دعوت اسلامی نے اپنے خطاب میں عید میلاد النبیﷺ کی اہمیت او طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے جلوس و جلسہ عید میلاد النبیﷺ میں زیادہ سے زیاہ تعداد میں شرکت کرنے کی مسلمانان سے اپیل کی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نائب صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ سابق چیرمین گلبرگہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے شرکت کی ۔ جناب عبدالرحیم مرچی سیٹھ جنرل سیکریٹری مرکزی سیرت کمیٹی کے علاوہ اہل سنت و الجماعت کے شباہ محمد منہاج الدین بادی چشتی القادری متولی درگاہ حضرت لنگوٹ بند ؒ اس جلسہ میں شریک تھے ۔ مرزا انور بیگ رضا اسلامک فاؤنڈیشن گلبرگہ نے اس مبارک محفل کے انعقاد پرکلیدی کرداراداکیا۔ اس موقع پر جمعیت اہل سنت کی جانب سے ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام صاحب کو آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کا رکن منتخب کئے جانے پرمولانا افضل برکاتی نے گلپوشی کی اور تہنیت پیش کی ۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/JrFrp

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے