Breaking News
Home / اہم ترین / منّا پورم گولڈ لون کے دفتر سے لُٹیرے 5کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار

منّا پورم گولڈ لون کے دفتر سے لُٹیرے 5کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار

چکمگلورو 27/ستمبر (ہر پل نیوز) سونے کے زیورات گروی رکھ کر قرضہ فراہم کرنے والی کمپنی منّا پورم گولڈ لون کے دفتر کی چھت کاٹ کر نقب لگاتے ہوئے  5کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

 تفصیل کے مطابق یہ گولڈ لون کمپنی جس عمارت میں واقع ہے وہ کمرشیل علاقہ ہے اور آس پا س کوئی رہائشی عمارت نہیں ہے۔  اتوارکے دن چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سنیچرکی رات میں کچھ لوگوں نے عمارت کی چھت پر چڑھ کر مناپورم کے دفتر کی کانکریٹ کی چھت کو گیس کٹر کی مدد سے کاٹا اور ایک آدمی کے اندر اترنے لائق سوراخ بنا ڈالا۔پھر عمارت میں داخل ہو کر14کلو گرام سونے کے زیورات اور8.14لاکھ روپے نقد لے کر بڑی آسانی سے فرار ہوگئے۔ اس طرح تقریباً پانچ کروڑ کی چوری اس طرح انجام دی گئی کہ کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوسکی۔ غیر مصدقہ اطلاع یہ بھی ہے کہ یہ ایک پانچ افراد کی ٹولی تھی اور وہ تمام پولیس کے یونیفارم میں تھے۔

چوری کی اس واردات کا پتہ اس وقت چلا جب اتوار کے دن کچھ لوگوں نے چھت پر بڑا سوراخ دیکھا۔پھر دوسرے دن منیجر نے چوری سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے ساتھ پولیس میں شکایت درج کروائی۔سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے جو فوٹیج ملا ہے اس سے پتہ چلا ہے کہ چھت کو کاٹنے کا عمل رات 2 بجے شروع ہوا ہے اور پورے تین گھنٹوں تک مصروف رہ کر چور وں نے یہ واردات انجام دی ہے اور پھر پانچ بجے کے قریب وہ لوگ لوٹ کے مال کے ساتھ یہاں سے فرار ہوئے ہیں۔

چوری کی خبر عام ہوتے ہی کمپنی کے روبرو حواس باختہ لوگوں کی قطار لگ گئی جنہوں نے اپنے زیورات یہاں گروی رکھ کر قرضہ حاصل کیا تھا۔پولیس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔ ایس پی انا ملائی نے بھی موقع واردات کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور خاص ہدایات جاری کردی ہیں۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/xnJVU

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے