Breaking News
Home / اہم ترین / چترکوٹ ضمنی انتخابات : کانگریس نے بی جے پی کو 14 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرایا۔ضمنی انتخابات کے پرچار کے لئے جہاں جہاں وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے کی ریلی،وہاں وہاں ہار گئی بی جے پی

چترکوٹ ضمنی انتخابات : کانگریس نے بی جے پی کو 14 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرایا۔ضمنی انتخابات کے پرچار کے لئے جہاں جہاں وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے کی ریلی،وہاں وہاں ہار گئی بی جے پی

چتر کوٹ،بھوپال:(ہرپل نیوز، ایجنسی)13نومبر۔اترپردیش کی سرحد سے ملحق مدھیہ پردیش میں ضلع ستنا کے چترکٹ ضمنی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے امیدوار نیلانشو چترویدی نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار شنکر دیال ترپاٹھی کو تقریبا چودہ ہزار ووٹوں سے شکست دیکر پارٹی کا قبضہ برقرار رکھا۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات سے ٹھیک ایک برس قبل ہوئے اس ضمنی الیکشن میں کانگریس کی جیت سے پارٹی کو ایک طرح سے نئی طاقت ملی ہے، وہیں ریاست میں چودہ برسوں سے حکمراں بی جے پی کو اس نتیجہ نے خوداحتسابی کے لئے مجبور کردیا ہے۔ اس سے کچھ مہینہ پہلے ضلع بھنڈ کے اٹیر اسمبلی حلقہ کے ضمنی الیکشن میں بھی کانگریس کے ہاتھوں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کانگریس کے روایتی گڑھ چترکٹ میں کانگریس کے امیدوار مسٹر چترویدی نے 19راونڈ کی گنتی کے بعد 66ہزار 810ووٹ حاصل کئے اور ان کے نزدیکی حریف بی جے پی کے مسٹر ترپاٹھی کو 52ہزار 600سے زائدووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ۔ اس طرح مسٹر چترویدی چودہ ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب اعلان کئے گئے۔ کانگریس امیدوار کی سبقت ایک بار تو بیس ہزار سے زائد ہوگئی تھی لیکن گنتی کے آخری دور میں سبقت کا فرق کم ہوگیا۔

چترکٹ میں مجموعی طورپر 12امیدوار تھے، لیکن اصل مقابلہ بی جے پی اور کانگریس امیدوار کے درمیان ہی رہا۔ اس درمیان ریاست میں حکمراں جماعت بی جے پی کے ریاستی صدر نندکمار سنگھ چوہان نے شکست قبول کرتے ہوئے کہاکہ اس کے اسباب کا جا ئزہ لیا جائے گا ۔ وہیں ریاستی کانگریس کے صدر ارون یادو اور اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اجے سنگھ نے پارٹی کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ تمام لیڈروں کی مشترکہ کوششوں اور جدوجہد نیز کارکنوں کے محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر سینئر لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا اور کملناتھ نے بھی خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اب لوگ بی جے پی کی حکمرانی سے پریشان ہوچکے ہیں۔ یہ نتیجہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے ۔ اس درمیان ریاستی کانگریس کے دفتر کے باہر سینکڑوں پارٹی کارکنوں اور لیڈر جمع ہوگئے اور انہوں نے ڈھول باجوں کے ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ کئی کارکن ڈانس کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔

وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان فلاپ :چتر کوٹ اسمبلی حلقہ میں ہوئے ضمنی انتخابات میں وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان پورے طور پر فلاپ گئے ۔ جہاں جہاں وزیر اعلی نے اپنے امیدوار کیلئے انتخابی جلسے کئے تھے ، انتخابی ریلیوں میں شرکت کی تھی ، وہاں وہاں بی جے پی ہار گئی اور کانگریس کو زیادہ ووٹ ملے ۔وزیر اعلی شوراج سنگھ چوہان نے چتر کوٹ ضمنی انتخابات کیلئے ارجن پور ، برودھا ، پرتاپ گنج ، ہرودھی ، پڈرا اور مجھگاوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا تھا ۔ ان سبھی مقامات پر بی جے پی کے امیدوار پیچھے رہ گئے اور کانگریسی امیدوار نے بڑے فرق سے سبقت مار لی ۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ حکمراں بی جے پی کیلئے چتر کوٹ سیٹ پر 27 سالوں میں صرف ایک مرتبہ ہی جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوپائی ہے اور دوبارہ اس کو کبھی جیت نصیب نہیں ہوئی ہے۔
حالانکہ بی جے پی نے اس مرتبہ جیت حاصل کرنے کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی اور وزیر اعلی شیوراج سنگھ سمیت متعدد سینئر لیڈروں نے جم کر تشہیری مہم چلائی تھی اور ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش کی تھی ، مگر سبھی کوششیں دھری کی دھری رہ گئیں ۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/gJRhh

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے