کنداپور 4/نومبر(ہر پل نیوز) موتی پور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والا رامو(40 سال) نامی ایک ریت نکالنے والا مزدور ندی میں حادثاتی طور پر گرنے کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔پولیس میں درج شکایت کے مطابق راموریت نکالنے کی مزدوری کیا کرتاتھا۔ وہ اپنی کشتی درست کرنے کے لئے لے جارہا تھا کہ اچانک پیر پھسل کرندی میں گرگیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔ لیکن کچھ لوگ یہ بتا رہے ہیں کہ وہ دراصل غیر قانونی طور پر ندی سے ریت نکالتے وقت ہلاک ہوگیا ہے۔ اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے سچائی چھپائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے بنٹوال میں بھی پولیس کو دیکھ کر غیر قانونی ریت مافیا کے لئے کام کرنے والے ایک مزدور نے ندی میں چھلانگ لگادی تھی جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اصل بات یہ ہے کہ ریت مافیا کا کاروبار بڑے دھڑلّے سے چل رہا ہے اور اس میں ملوث مزدوروں کی بہت بڑی تعداد شمالی ہندوستان سے آنے والوں کی ہے جن میں سے کچھ لوگ اس کام کے ماہر ہیں تو بہت سارے انجان ہیں۔ کئی مزدور ایسے ہیں جنہیں ڈھنگ سے تیر نا بھی نہیں آتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حادثوں پر قابو پانے کے لئے ریت مافیا کی سرگرمیوں پر قانون کے رکھوالوں کی کڑی نظر ضروری ہے۔