Breaking News
Home / اہم ترین / گلبرگہ میں بزرگ ادیب و محقق پروفیسر محمد ہاشم علی کا انتقال پر ملال

گلبرگہ میں بزرگ ادیب و محقق پروفیسر محمد ہاشم علی کا انتقال پر ملال

گلبرگہ(ہرپل نیوز، اہجسنی)8 ڈسمبر: بزرگ ادیب و محقق علمی شخصیت پروفیسر محمد ہاشم علی صاحب کا آج 87 سال کی عمر میں ان کی رہائش گاہ واقع مہتاب علی کمپاؤنڈ (ایوان شاہی روڈ) میں انتقال ہوگیا۔ وہ ایک عرصہ سے صاحب فراش تھے۔

ڈاکٹر وہاب عندلیب صاحب کی اطلاع کے مطابق  پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو صاحبزادے ، عاصم فاروق اور باسط سلمان( مقیم امریکہ) اور ایک صاحبزادی ڈاکٹر سُمیہ فردوس( بلگام) شامل ہیں ۔ 8؍دسمبر کو بعد نماز ظہر جامع مسجد اسٹیشن بازار میں نمازِ جنازہ ادا کی جائیگی اور قبرستان قلند خانؒ روضہ میں تدفین عمل میں آئیگی۔ ڈاکٹر ہاشم علی مولوی مہتاب علی صاحب مرحوم کے چھوٹے فرزند اور سابق وزیر کرناٹک مولوی محمد علی صاحب مرحوم کے چھوٹے بھائی تھے ۔ اُن کے چھوٹے بھائیوں میں جناب محمد خورشید علی ایڈوکیٹ، اور محمد معظم علی ایگریکلچر آفیسر (مرحوم ) شامل ہیں ۔ ڈاکٹر محمد ہاشم علی نے میسور یونیورسٹی کے شعبہ اُردو کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجا دیں، انہوں نے سلسلہ بندہ نوازؒ کے صوفی بزرگ حضرت شاہ صدر الدین (نیلمنگل) کی حیات و خدمات پر پی ایچ ڈی کی تھی ۔ ان کی دو تصانیف میراں جی شمس العشاق ؒ اور رسالہ مغزمرغوب و چہار شہادت شائع ہوچکی ہیں۔انجمن ترقی اُردو گلبرگہ کے بانی ارکان میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔ حضرت محمد ہاشم علی کے سانحہ ارتحال پر گلبرگہ کے علمی و ادبی حلقوں میں گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر وہاب عندلیب نے کہا ہے کہ پروفیسر ہاشم علی ہماری علمی ادبی اور تہذیبی روایت کے آخری نمائندے تھے۔ انہوں نے اُردو زبان و ادب کی خاموش خدمت انجام دی۔ اپنے طلباء کے ساتھ نئے لکھنے والوں کی ہمت افزائی میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ میسور اور گلبرگہ میں قیام کے دوران انجمن ترقی اُردو کی سرگرمیوں میں فعال رہے ۔ پروفیسر حمید سہروری (صدر انجمن ترقی اُردو گلبرگہ نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا ہے کہ پروفیسر محمد ہاشم علی نے اُردو کی نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ جناب حامد اکمل ایڈیٹر ایقان ایکسپریس نے کہا ہے کہ استاد محترم حضرت محمد ہاشم علی کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ وہ اپنے شاگردوں کی اپنے عمل اور شفقت آمیز انداز میں نصیحت کے ذریعے تربیت کرتے تھے ۔ پروفیسر عبدالحمید اکبر شعبہ اُردو گلبرگہ یونیورسٹی جناب امجد جاوید، ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی نائب صدور انجمن ، ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن ترقی اُردواور دیگر ادباء و شعراء نے ڈاکٹر محمد ہاشم کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے

The short URL of the present article is: http://harpal.in/wWgpk

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے