دہرادون (ہرپل نیوز،ایجنسی)20اکتوبر۔اترپردیش میں یوگی حکومت کے ذریعہ مدارس اسلامیہ کو پریشان کئے جانے کے بعد اب اتراکھنڈ میں بھی ترویندر سنگھ راوت کی قیادت والی بی جے پی حکومت کے نشانے پر مدارس آگئے ہیں ۔ محکمہ تعلیم ریاست کے تقریبا دو سو سے زیادہ مدارس کی جانچ میں مصروف ہو گیا ہے۔ مدارس کے اندرونی حالات کا جائزہ لینے کے لئے بنائی گئی جانچ ٹیم پرجہاں مدرسہ منتظمین سوال کھڑے کر رہے ہیں تو وہیں اپوزیشن کانگریس بھی ریاستی حکومت پر حملہ آور ہوگئی ہے۔ریاست میں موجود تمام تسلیم شدہ مدارس کی محکمہ تعلیم نے تین سطح کی تحقیقات شروع کی ہے ۔ مدرسہ بورڈ کے ڈائریکٹر اور ڈی جی ایجوکیشن کیپٹن آلوک شیکھر تیواری کے مطابق محکمہ کو مدرسوں میں لاپروائی کی کافی شکایات مل رہی تھیں، جس کے بعد حکومت نے ریاست بھر کے سرکاری مالی امداد پانے والے تمام مدارس کی جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اگر مدرسہ منتظمین کے نجی كھاتوں میں خامیاں پائی گئیں تو سرکار سخت کارروائی کرنے کے موڈ میں ہے ۔ ادھر کانگریس نے اس کو لے کر بی جے پی پر حملہ شروع کردیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر پریت سنگھ نے مدارس کی جانچ کو لے کر ترویندر حکومت کی شدید تنقید کی ہے۔