میسورو(ہرپل نیوز؍ایجنسی)2؍نومبر : میسورو کی ایک خاتون سیما بانو جو آئرلینڈ میں اپنے دو بچوں کے ساتھ مقیم تھیں ان کا بچوں سمیت بہیمانہ قتل کردیا گیا ہے۔
اس کی اطلاع چہارشنبہ کی شام ملی جب ان کے گھر سے سیما اور ان کے دونوں بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ میسورو کے پریا پٹن تعلقہ کے ہلگن ہلی کے ساکن عبدالغفار اور خورشید النساء کی دختر 37سالہ سیما بانو اپنی بیٹی عصفرہ رضا اور لڑکا فیضان سید کے ساتھ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں مقیم تھیں۔ چہا رشنبہ کو وہاں کی پولیس نے ان تینوں کو مردہ حالت میں برآمد کیا تھا، اس وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا ۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان تینوں کو پانچ دن پہلے ہی ماردیا گیا تھا، جس وقت لاشیں برآمد ہوئیں تب سیما بانو کے شوہر سمیر شہر میں موجود نہیں تھے۔
آئرلینڈ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرلیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس جانچ کررہی ہے۔ تینوں میتوں کو ڈبلن سے میسورو لانے کے لئے ہندوستانی سفارت خانہ کے ذریعہ رابطہ کیا گیا ہے۔