Home / اہم ترین / بنگلورو کا کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن جعفر شریف کے نام سے منسوب ہوگا ، مہانگر پالیکے میں قرار داد پاس

بنگلورو کا کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن جعفر شریف کے نام سے منسوب ہوگا ، مہانگر پالیکے میں قرار داد پاس

بنگلورو(ہر پل نیوز؍ایجنسی)29؍جولائی: بنگلورو کے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں واقع کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن کو مرحوم سی کے جعفر شریف کے نام سے منسوب کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی)  میں قرار داد منظور کی گئی ہے ۔ 28 جولائی 2020 کو ہوئی مہانگر پالیکے کی کونسل میٹنگ میں بغیر کسی مخالفت کے یہ قرار داد منظور کی گئی ہے ۔ بی بی ایم پی کے سینئر کارپوریٹر اور اپوزیشن لیڈر عبد الواجد نے کہا کہ کونسل میٹنگ میں کانگریس ، بی جے پی اور جے ڈی ایس کے تمام ارکان نے اس قرار داد کی تائید کی اور اتفاق رائے سے اسے منظور کرلیا گیا ۔ اس قرارداد کی منظوری پر عبدالواجد نے بنگلورو کے میئر گوتم کمار جین کا شکریہ ادا کیا۔

عبدالواجد نے کہا کہ ملک اور ریاست کیلئے مرحوم سی کے جعفر شریف کی عظیم خدمات کو خراج تحسین  پیش کرنے کی یہ ایک چھوٹی سی کوشش ہے ۔ کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن بنگلورو کا ایک پرانا اور کافی مقبول ریلوے اسٹیشن ہے ۔ اس اسٹیشن کیلئے مرحوم سی کے جعفر شریف کے نام کی سفارش دوسری مرتبہ بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے کی کونسل میٹنگ میں منظور ہوئی ہے ۔ اس سے قبل سال 2019 میں اس وقت کی بنگلورو کی  میئر گنگامبیکا کی قیادت میں ہوئی کونسل میٹنگ میں یہ قرار داد منظور کی گئی تھی ۔  اس معاملے میں عوام کے اعتراضات اور مشوروں کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا ، اس دوران کوئی اعتراض موصول نہیں ہوا۔

عبدالواجد نے کہا کہ اب دوبارہ کونسل نے اس قرارداد کو منظور کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو روانہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سے حکم نامہ جاری کئے جانے کے بعد یہ تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی ۔ اس کے بعد محکمہ ریل کنٹونمنٹ اسٹیشن کے نام کی تبدیلی کی کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور 7 مرتبہ لوک سبھا کے رکن رہے سابق مرکزی وزیر مرحوم سی کے جعفر شریف کی ملک اور ریاست کی ترقی کیلئے نمایاں خدمات رہی ہیں ۔ آنجہانی وزیر اعظم پی وی نرسمہا راو کے دور میں 1991 سے 1995 تک وہ مرکزی وزیر ریلوے تھے۔ جعفر شریف کی اس معیاد کو انڈین ریلوے کی تاریخ  کا ایک سنہرا باب سمجھا جاتا ہے۔ جعفر شریف نے ملک بھر میں تیزی کے ساتھ ریلوے کا جال پھیلانے کیلئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ۔ ملک بھر میں 6 ہزار کیلو میٹر ریلوے کے چھوٹے گیج کی براڈ گیج میں تبدیلی کا بڑا کارنامہ انجام دیا ۔ کئے نئے اسٹیشنوں کا قیام ، کئی نئی ریل لائنوں کا آغاز ، کئی مقامات پر ریلوے بریج کی تعمیر ان کے کارناموں میں شامل ہیں ۔ بنگلورو میں وہیل ایکسل پلانٹ کا قیام ، ساوتھ ویسٹرن ریلوے کی بنیاد، ریاست کرناٹک کیلئے ریلوے ریکرومنٹ بورڈ اسطرح کئی تاریخ کام انکے دور میں انجام پائے ہیں۔

جعفر شریف کے دور میں ہی کرناٹک سے شتابدی اور راجدھانی ٹرین سروس کا آغاز ہوا۔ کئی ہزار افراد کی محکمہ ریلوے میں تقرریاں عمل میں آئیں ۔ اس طرح مرحوم جعفر شریف نے ملک اور ریاست میں ریلوے کی تعمیر اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ ریاست کرناٹک اور ملک کے ایک عظیم رہنما سی کے جعفر شریف 85 سال کی عمر میں 25 نومبر 2018 کو اس دار فانی سے کوچ کر گئے ۔ ان کے انتقال کے بعد ریاست کے مسلم لیڈروں نے کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن کو سی کے جعفر شریف کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز ریاستی حکومت کو  پیش کی تھی ۔ اب یہ تجویز بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے میں جہاں بی جے پی برسر اقتدار ہے ، اتفاق رائے سے منظور کی گئی ہے ۔ چند ماہ قبل بروہت بنگلورو  مہانگر پالیکے نے شہر کے کوئنس روڈ کو جعفر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ بی بی ایم پی کے اپوزیشن لیڈر عبدالواجد نے کہا کہ بہت جلد کوئنس روڈ جعفر شریف کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/u6wQx

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.