Home / اہم ترین / بی جےپی کا بہار میں فتح کا دعویٰ مگر نتیش کمار پریشان

بی جےپی کا بہار میں فتح کا دعویٰ مگر نتیش کمار پریشان

پٹنہ (ہرپل نیوز؍ایجنسی) یکم نومبر : بہار میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔  ایک طرف جہاں تیجسوی یادو کی ریلیوں میں امڈنے والی بھیڑ نے حکمراں محاذ کو فکرمند کررکھا ہے وہیں ان کے ذریعہ کئے جارہے حملوں نے نتیش کمار کی نیند حرام کردی ہے۔ وہ اپنی گھٹتی ہوئی مقبولیت  کے پیش نظر نئے نئے وعدوں کے ذریعہ رائے دہندگان کو اپنے حق میں ہموار کرنے کی کوششوں میں جٹ گئے ہیں۔  دوسری طرف ان کی اتحادی پارٹی بی جےپی کا دعویٰ ہے کہ  این ڈی اے واضح اکثریت  سے فتح حاصل کر کے بہار میں نئی حکومت بنائے گی۔

جےپی نڈا کا واضح اکثریت کا دعویٰ: بی جےپی لیڈر جےپی نڈا نے سنیچر کو  سونے پور میں  انتخابی ریلی  میں ترقی کے حوالے سے آر جے  ڈی اور کانگریس کے اتحاد کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ۱۹؍ لاکھ روزگار کا وعدہ دہراتے ہوئے   آر جے ڈی کو ’’انارکی ‘‘پھیلانے والی پارٹی قرار دیا۔ نڈا کے مطابق’’آر جے ڈی انارکی پھیلاتی ہے جبکہ کانگریس اینٹی نیشنل ہے۔ یہ ہے بہار کا مہاگٹھ بندھن! کیا یہ ترقی کو یقینی بنائےگا؟‘‘اس دوران انہوں نے پلوامہ حملے پر پاکستانی اسمبلی میں  ہونے والی باتوں سے لے کرآرٹیکل ۳۷۰؍ تک وہ تمام موضوع چھیڑے جن کا بہار کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہےا ور دعویٰ کیا کہ این ڈی اے واضح اکثریت سے فتح حاصل کریگی۔

نتیش کی پریشانی اور نئے وعدوں کا سہارا:  دوسری طرف نتیش کمار نے انتخابی مہم کے دوران آبادی  کے لحاظ سے ریزرویشن دینے کا  موضوع چھیڑ دیا ہے جس سے بی جےپی  کے اختلاف رائے نے ایک بار پھر ظاہر کردیا ہے کہ  بہار میں این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے۔اس بیچ  ایک طرف  نڈا واضح اکثریت کی بات کررہے ہیںتو دوسری طرف نتیش کمار نئے وعدوں کے سہارے ووٹروں کو رجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اب   طلبہ کے ایجوکیشن لون کو معاف کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

مودی کے ویڈیو سے نتیش پر حملہ:  انتخابی ریلیوں میں مودی بھلے ہی نتیش کمار کے ساتھ اسٹیج پر نظر آرہے ہیں مگر ۲۰۱۵ء کے الیکشن کی مودی کی انتخابی مہم کے ویڈیو کا سہارا لے کر آر جے ڈی نتیش کمار پر حملے کررہی ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں مودی یہ گنوارہے ہیں کہ بہار میں نتیش کے راج میں کتنے گھوٹالے ہوئےہیں۔

آج مودی کی ۴؍ انتخابی ریلیاں:  دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم  کےآخری دن  اتوار کو بہار کا سیاسی درجہ ٔ  حرارت مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو بہار میں  ۴؍ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ دوسری طرف  تیجسوی یادو بھی کیل کانٹوں سے لیس ہیں۔

مہنگائی کے موضوع پر این ڈی اے پر حملہ: مہنگائی کےموضوع پر تیجسوی یادو نے  بی جے پی  لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ’’مہنگائی پہلے ان کیلئے ڈائن تھی لیکن اب بھوجائی (بھابھی)   بن گئی ہے۔‘‘ لالو یادو کے  جیل میں  ہونے کے باوجود تیجسوی یادو پوری شدت سے انتخابی مہم چلارہے ہیں اور یومیہ اوسطاً ۱۲؍ ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔

 تیجسوی وزیراعلیٰ بنیں تو حیرت نہیں ہوگی:  بہار میں تیجسوی یادو جس طرح ڈٹ کر این ڈی اے کا مقابلہ کررہے ہیں اس کی داد دیتے ہوئے شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا ہے کہ اگر وہ وزیراعلیٰ بن جائیں تو حیرت نہیں ہوگی۔ راؤت کے مطابق’’ایک نوجوان جسے کسی کی مدد نہیں حاصل،جس کافیملی ممبر جیل میں ہے، سی بی آئی اور انکم ٹیکس اس کے پیچھے پڑی ہے،   وہ چیلنج بنا ہوا ہے۔ اگرتیجسوی وزیراعلیٰ بن جائیں تو کوئی حیرت کی بات نہیں ہوگی۔‘‘

The short URL of the present article is: http://harpal.in/SHV0b

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.