Home / اہم ترین / دہلی میں ایم سی ڈی کی بلڈوزسیاست کی مذمت میں ایس ڈی پی آئی کا جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ

دہلی میں ایم سی ڈی کی بلڈوزسیاست کی مذمت میں ایس ڈی پی آئی کا جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ

نئی دہلی:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)16؍مئی: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا دہلی پردیش کے ریاستی صدر ڈاکٹر آئی اے خان کی قیادت میں ایم سی ڈی کی فرقہ وارانہ بلڈوزر سیاست کی مذمت میں جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ایس ڈی پی آئی ریاستی عہدیداران نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں جاری انسداد تجاوزات مہم کوئی تجاوزات مخالف مہم نہیں ہے بلکہ یہ بلڈوزر راج کو فروغ دیکر غریبوں اور مزدوروں کے خلاف بی جے پی کی انسان دشمن کارروائی ہے۔ بی جے پی مسلم علاقوں میں غریب آبادی کو اجتماعی اور معاشی طورپر ہراساں کرنا اور کمزور کرنا چاہتی ہے۔ بی جے پی دہلی کے ہر مسلم علاقے میں تجاوزات کے نام پر نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہے اور ایک خاص کمیونٹی کے اند ر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔

ایس ڈی پی آئی خبردار کرتی ہے کہ بلڈوز ر کی سیاست سے فر قہ وارانہ تقسیم اور پولرائزیشن کو مزید گہرا کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ جو ملک پر حکمرانی کرنے والی فاشسٹ طاقتوں کے ذریعے پہلے سے ہی جاری ہے اور انہدام کی موجودہ مہم مسلم کمیونٹی کے خلاف عین فرقہ وارانہ مقصد سے چل رہی ہے۔ اگر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہیں تو اس کے سب سے بڑے مجرم بیوروکریٹس اور سیاست دان ہیں جو برسوں پہلے جب تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات ہوئیں تو اپنے سیاسی اور مالی فائدے کیلئے خاموش رہے۔

اگر حکام ایماندار ہیں تو انہیں متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی متبادل انتظام کرنا چاہئے اور رہائشی عمارتوں کو بلڈوز کرنے کے بجائے بے دخلی کے قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا چاہئے ۔ مقررین نے مزید کہا کہ موجودہ بلڈوزر کارروائی مسلم کمیونٹی کو مالی اور نفسیاتی طور پر کمزور کرنے کے آر ایس ایس /بی جے پی کے ایجنڈے کا ایک حصہ ہے۔ ملک میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے مختلف مقامات پر حکام نے رام نومی اور ہنومان جینتی کی تقریبات ( جو پہلے ایک مقدس مذہبی سرگرمی رہی تھی ) کے تازہ ترین فرقہ وارانہ ورژن کے بعد مسلمانوں کے خلاف یہ بلڈوزر سیاست شرو ع کردی ہے۔

حکام اس انسان دشمن بلڈوزر سیاست سے باز رہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا حکام کو انتباہ کرتی ہے کہ اگر وہ بلڈوزر کی سیاست کو جاری رکھیں گے تو ایسی فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت عوامی احتجاج شروع کرے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں دہلی ریاستی جنرل سکریٹری نفیس صدیقی،ریاستی سکریٹری ہاشم ملک، ریاستی خزانچی فریداحمداور سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/AcNc8

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.