Breaking News
Home / اہم ترین / ریاست بھر کے اسپتالوں کی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی کمار سوامی کی یقین دہانی

ریاست بھر کے اسپتالوں کی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی کمار سوامی کی یقین دہانی

بنگلورو۔(ہرپل نیوز،ایجنسی24دسمبر: وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ قدوائی ، جے دیوا ، نمہانس سمیت تمام اہم جنرل اسپتالو ں کے معیار کو بلند کرنے اور یہاں مہیا کرائی جانے والی طبی خدمات کو سدھارنے کی ریاستی حکومت پابند ہے۔آج شہر کے قدوائی اسپتال میں آر کے سپانی اور ڈی آر ڈاگا کی طرف سے تعمیر شدہ نئے بلاک کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کرناٹک میں بہترین طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں، ریاست کے لئے یہ باعث فخر کی بات ہے۔ دن بہ دن ان خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لئے جدوجہد کی جارہی ہے ، اور اس میں کافی حد تک کامیابی بھی ملی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ طبی خدمات کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے قدوائی اسپتال کو 120 کروڑ روپیوں کا گرانٹ فراہم کیا جاتا ہے۔اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت بھی یہاں کی سہولت کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن مدد دے رہی ہے۔آنے والے دنوں میں قدوائی سمیت دیگر تمام اسپتالوں میں سہولتوں کے سدھار کے ساتھ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کینسر جیسے مہلک مرض کی ابتدائی مراحل میں تشخیص اور اس کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلائی جانی چاہئے۔ اس طرح کی خدمات کے لئے بی اے ایل ادارے کی طرف سے ایک موبائل وین محکمۂ صحت کو دئے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمۂ صحت کے ملازمین اور افسر دیانتداری سے کام کریں اور مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی بھی طرح کی غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت شہر بنگلور کی ہمہ جہت ترقی کے تئیں پابند ہے۔ شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کی طرف بھی توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کینسر سے بچنے اور تمباکو کے استعمال کو روکنے کے لئے تیار کی گئی ایک ویب سائٹ کا اجراء کیا۔ شہر کی میئر گنگامبیکے اور دیگر ممتاز شخصیتیں اس موقع پر موجود تھیں۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/I43VO

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.