Home / اہم ترین / زرعی بلوں کی منظوری کےخلاف کسانوں کا اعلانِ جنگ،ہریانہ اور پنجاب میں شدید احتجاج،ہزاروں کسان سڑکوں پر ،شاہراہیں جام۔جمعہ کو ہونگے ملک گیر مظاہرے

زرعی بلوں کی منظوری کےخلاف کسانوں کا اعلانِ جنگ،ہریانہ اور پنجاب میں شدید احتجاج،ہزاروں کسان سڑکوں پر ،شاہراہیں جام۔جمعہ کو ہونگے ملک گیر مظاہرے

نئی دہلی (ہرپل نیوز، ایجنسی)21ستمبر:زراعت سے متعلق 2بلوں کی منظوری کے بعدمتعد د کسان تنظیموں نے مودی سرکار کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے ۔ اتوار کو جب راجیہ سبھا میں مذکورہ بل منظور کروائے جارہے تھے، ہریانہ اور پنجاب میں کسان احتجاج کررہے تھے۔ ہریانہ میں12 بجے سے3بجے تک کسانوں نے سڑکوں کو جام کیا جبکہ پنجاب میں وزیراعظم مودی کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں نے ۲۵،ستمبر کو ملک گیر سطح پر یوم مزاحمت کا اعلان کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ ہریانہ اور پنجاب مکمل بند رہیں گے ۔
ہریانہ میں کئی دنوں سے کسانوں کا مسلسل احتجاج جاری ہے ۔ کسانوں نے اتوار کو سڑکوں پر اتر کر شاہراہوں کو جام کر دیا ہے ۔کروکشیتر کیتھل ہائیوے بھی مظاہرے کے سبب بند رہے۔ احتجاج کیلئے پنجاب کے کسانوں کو جب ہریانہ میں داخل ہونے سےروکا گیا توانہوں نے احتجاجاً اپنے ہی ٹریکٹر نذرآتش کردیئے۔ کسانوں کے ساتھ یوتھ کانگریس کے کارکنان اب دہلی کی طرف مارچ کر رہے ہیں ۔ وہ ٹریکٹر پر سوار ہوکر دہلی کی طرف کوچ کر رہے ہیں ۔حالات کے پیش نظر کئی مقامات پر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ اطلاع ہے کہ مظاہرے کے سبب پورے ہریانہ میں جام لگا ہوا ہے اور لوگوں کو آنے جانے میں مشکل ہو رہی ہے ۔ دوسری جانب سی پی آئی کے قومی سیکریٹری اور کسان لیڈر اتل کمار انجان نے کہا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے کسان مخالف بلوں کو پاس کرانے کیلئے جھوٹ و فریب کا سہارا لیا ۔ یہ حکومت ملک کے کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں 300کسان تنظیموں سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں ، تینوں بلوں کی مخالفت کر رہی ہیں ۔ ا نجان نے الزام لگایا کہ پہلے کسانوں کو لاگت کی دگنا آمدنی کے نام پر بھی دھوکہ دیا گیا اب منڈی کو ختم کرکے اونے پونے قیمتوں میں دلالوں کے ذریعہ سے خریدو فروخت کرکے جمع خوری کرنے کی کھلی چھوٹ دی جارہی ہے ۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/pftMU

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.