Home / اہم ترین / سعودی عرب اور مصرکے درمیان 7.7 ارب ڈالرمالیت کے 14 معاہدوں پر دستخط

سعودی عرب اور مصرکے درمیان 7.7 ارب ڈالرمالیت کے 14 معاہدوں پر دستخط

ریاض:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)22؍جون: سعودی عرب اور مصر نے 7.7 ارب ڈالرمالیت کے 14 معاہدوں اور سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔ مصر کی جنرل اتھارٹی برائے سرمایہ کاری اور فری زونز نے منگل کے روز ایک بیان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پران معاہدوں کے طے پانے کی اطلاع دی ہے۔سعودی ولی عہد بن سلمان پیر کو سہ ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں مصر پہنچے تھے۔ وہ مصر کے بعد اردن اور ترکی کے دورے پر جائیں گے۔ بن سلمان کا گذشتہ چارسال میں مصرکا یہ پانچواں دورہ ہے۔

اتھارٹی کے بیان کے مطابق دستخط شدہ معاہدوں میں سعودی عرب کی ایکوا پاور اور مصری الیکٹریسٹی ہولڈنگ کمپنی کے درمیان 1100 میگاواٹ ونڈ پاور کی پیداوار اور ترسیل کا معاہدہ شامل ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان قابلِ تجدید توانائی کے مزید معاہدوں کے ساتھ ساتھ پِٹرولیم مصنوعات، خوراک اور فن ٹیک کے شعبے سے متعلق سمجھوتے بھی طے پائے ہیں۔کمپنی کے چیئرمین نے الشرق ٹی وی کو بتایا کہ دیگر معاہدوں میں مصر کی دمیاط بندرگاہ پر کثیرالمقاصد ٹرمینل کی ترقی اور سعودی عرب میں مصر کے فارکو فارماسیوٹیکلز کی جانب سے 15 کروڑ ڈالرمالیت کی لاگت سے’’فارماسیوٹیکل سٹی‘‘کا قیام شامل ہے۔

سعودی وفاق ہائے صنعت وتجارت کے مطابق اس وقت دونوں ممالک کے درمیان 150 سے زیادہ دو طرفہ معاہدے موجود ہیں۔2021میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 54 ارب سعودی ریال (14 ارب ڈالر) تک پہنچ گیاتھا اور اس میں 2020 کے مقابلے میں 87 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔مصر میں 6800 سے زیادہ سعودی کمپنیوں کے ذریعے سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا حجم 32 ارب ڈالر سے تجاوزکرگیا ہے جبکہ 800 سے زیادہ مصری کمپنیوں کے ذریعے سعودی عرب میں مصری سرمایہ کاری کی مالیت 5 ارب ڈالر ہے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/CThnn

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.