نئی دہلی: (ہرپل نیوز؍ایجنسی) 27؍جولائی:۔ دہلی کی ایک عدالت نے کانگریس لیڈر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت سے متعلق ایک معاملے میں تھرور کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے کو منگل کو تین ہفتوں کے لئے ملتوی کردیا۔ پشکر 17 جنوری 2014 کو دہلی کے ایک لگزری ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔ پشکر اور تھرور ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے کیونکہ اس وقت تھرور کے سرکاری بنگلے کی تزئین و آرائش کی جارہی تھی۔
خصوصی جج گتانجلی گوئل نے تھرور کے خلاف الزامات طے کرنے فیصلہ سنانے والی تھیں۔ انہوں نے استغاثہ کو کچھ دستاویزات داخل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل عدالت نے کووڈ 19 وبائی بیماری کے پیش نظر اس معاملے کی سماعت منگل تک ملتوی کردی تھی۔ عدالت نے دہلی پولیس کے دلائل کے ساتھ ساتھ تھرور کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد یہ حکم محفوظ کرلیا ۔
دلائل کے دوران ایک طرف پولیس نے 306 (خود کشی کیلئے اکسانے) سمیت متعدد الزامات تیار کرنے کی کوشش کی تھی، جبکہ دوسری طرف تھرور کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈووکیٹ وکاس پہوا نے عدالت کو بتایاکہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات میں تھرور کو مکمل طور پر بری کردیاگیاہے۔