Home / اہم ترین / غزہ : مسلسل ساتویں روزبھی صہیونی درندگی جاری ، شہدا کی تعداد 170ہوگئی

غزہ : مسلسل ساتویں روزبھی صہیونی درندگی جاری ، شہدا کی تعداد 170ہوگئی

مقبوضہ بیت المقدس: (ہرپل نیوز, ایجنسی) 16مئی: غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی بمباری کا سلسلہ ساتویں روز میں داخل ہوگیا اور اتوار کو کیے گئے فضائی حملوں میں مزید 15 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ مزید 2 رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔خبررساں اداروں رائٹرز اور الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز فضائی حملوں میں اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مغربی غزہ سٹی کے علاقے خان یونس میں غزہ میں حماس کے سیاسی و عسکری ونگ کے سربراہ یحیٰ السنور کے گھر کو نشانہ بنایا، مذکورہ رہنما کو سال 2011 میں اسرئیل کی جیل سے رہائی ملی تھی۔

علاوہ ازیں اسرائیلی میزائلوں نے پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کو بھی نشانہ بنایا جس میں 8 بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہوئے۔قبل ازیں ایک حملے میں ایک 12 منزلہ الجلا نامی رہائشی عمارت کو مسمار کردیا گیا تھا جہاں الجزیرہ، امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پرین (اے پی) سمیت میڈیا کے دیگر اداروں کے دفاتر موجود تھے، عمارت کے مالک کو پیشگی حملے کے اطلاع دینے کے بعد تباہ کیا گیا تھا۔

غزہ میں پیر کے روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 42 بچوں سمیت 170 فلسطینی شہیدہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔دوسری جانب حماس کے راکٹ حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 2 بچوں سمیت 10 افراد جہنم رسید ہوئے۔الجلا عمارت کی تباہی کے ردِ عمل میں حماس نے رات بھر میں اسرائیل میں 120 راکٹ داغے جس میں اکثر کو اسرائیلی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کردیا جبکہ درجنوں غزہ میں ہی جا گرے۔

دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی ہلاکت خیز جھڑپیں جاری جس میں اب تک اسرائیلی فوجیوں کے حملوں میں 12 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو کا کہنا تھا کہ جب تک ضرورت ہے غزہ کی پٹی میں حملے جاری رہیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس عمارت میں متعدد میڈیا ہاؤسز تھے، اسے حماس سمیت مختلف فلسطینی گروہ استعمال کررہے تھے۔اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل غزہ پر کیے جانے والے حملوں میں بچوں اور شہریوں کی ہلاکت سے بچاؤ کے لیے خصوصی کیئر کررہا ہے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جبکہ اس دوران دنیا کے 3 بڑے مذاہب کے لیے انتہائی مقدس شہر میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس پر پاکستان نے شدید مذمت بھی کی ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں جمعہ (7 مئی) سے جاری پرتشدد کارروائیاں سال 2017 کے بعد بدترین ہیں جس میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے علاقے سے متعدد فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں نے مزید کشیدگی پیدا کی۔

یہ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں ایک طویل عرصے سے جاری قانونی کیس میں متعدد فلسطینی خاندان کو بے دخل کیا گیا ہے، اس کیس میں فلسطینیوں کی جانب سے دائر اپیل پر پیر (10 مئی) کو سماعت ہونی تھی ،جسے وزارت انصاف نے کشیدگی کے باعث مؤخر کردیا تھا۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/AJn4o

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.