Home / اہم ترین / فیفا ورلڈ کپ: عربی زبان میں خوبصورت کمنٹری، ’’اللہ اللہ‘‘ کا ورد، ویڈیو وائرل

فیفا ورلڈ کپ: عربی زبان میں خوبصورت کمنٹری، ’’اللہ اللہ‘‘ کا ورد، ویڈیو وائرل

قطر:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)23؍نومبر: فیفا ورلڈ کپ میں گزشتہ روز ارجنٹینا اور سعودی عرب میچ کے دوران عربی زبان میں خوبصورت کمنٹری کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔

قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے ورلڈ کپ میں گزشتہ روز سعودی عرب نے ٹورنامنٹ فیورٹ ارجنٹینا کو اپ سیٹ شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی جس کے بعد اس میچ کی عربی میں ہونے والی خوش الہان کمنٹری سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین کو کمنٹیٹر کے جوش نے دیوانہ بنا دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ میچ کے سنسنی خیز لمحات میں جب سعودی کھلاڑی گول پوسٹ کے قریب ارجنٹائن پر حاوی ہوتے ہیں تو عربی زبان میں کمنٹری کرنے والے کمنٹیٹرز کا جوش بھی کھلاڑیوں کی حرکت کے ساتھ گھٹتا بڑھتا ہے۔

ایک موقع پر فٹبال سعودی کھلاڑی کے پاس سے نکل جاتی ہے تو پرجوش کمنٹیٹر کی آواز میں دھیما پن آتا ہے لیکن جیسے ہی دوبارہ گیند سعودی کھلاڑی کے پاس آتی ہے تو کمنٹیٹر کے جوش و جذبے میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور جیسے ہی گول ہوتا ہے تو کمنٹیٹر والہانہ انداز میں کئی بار اللہ، اللہ، اللہ کے متبرک نام کا ورد کرتا ہے اور اس آواز سے اسٹیڈیم گونج اٹھتا ہے۔

ارجنٹینا کے خلاف گول اسکور کرنے پر کمنٹیٹر کی عرب زبان میں کمنٹری کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے جب کہ دنیا بھر کے میڈیا نے بھی اسے سرخیوں میں جگہ دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک مقابلے میں دو گولز سے ہرادیا تھا۔ اس تاریخی فتح پر میچ کے بعد سعودی کھلاڑیوں کی میدان میں سجدہ ریز ہونے کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی میچ دیکھنے کی تصاویر اور بارگاہ الہٰی میں سجدہ شکر کی تصاویر نے میڈیا میں خوب جگہ سمیٹی تھی۔

فٹبال ورلڈ کپ کی 88 سالہ تاریخ میں پہلی بار کھیلوں کے اس عالمی میلے میں اسلامی رنگ نمایاں ہے۔ افتتاحی تقریب میں قرآن پاک کی تلاوت، نماز کے لیے افتتاحی تقریب روکنا، غیر اسلامی لباس پہننے اور شراب پر پابندی جیسے اقدامات نمایاں ہیں۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/1VrXZ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.