Home / اہم ترین / ممبئی میں موسلا دھاربارش سے تھم گئی زندگی کی رفتار۔عام زندگی درھم برھم، تعلیمی اداروں کوچھٹی۔ جنوبی ممبئی کےبیشتر علاقےجل تھل ۔ سڑک حادثات میں کئی اموات

ممبئی میں موسلا دھاربارش سے تھم گئی زندگی کی رفتار۔عام زندگی درھم برھم، تعلیمی اداروں کوچھٹی۔ جنوبی ممبئی کےبیشتر علاقےجل تھل ۔ سڑک حادثات میں کئی اموات

ممبئی ( ہرپل نیوز، ایجنسی) 2جولائی: ممبئی اور اس کے قرب و جوار کے علاقوں میں بارش قہر برپا کر رہی ہے۔ منگل کی صبح بارش کی وجہ سے دیوار گرنے کے واقعات میں کم از کم 22 افراد کی موت ہو گئی اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹے کے اندر مزید بارش ہونے اور لوگوں کو ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ممبئی، نوی ممبئی، تھانے اور کونکن علاقے میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ پونے کے امبےگاؤں میں واقع ایک کالج کی دیوار گرنے سے چھ افراد دب کر ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ ممبئی کے مشرقی ملاڈ میں ایک دیوار جھونپڑیوں پر گرنے سے کم از کم 13 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہیں۔
وزیراعلیٰ دیویندر فڑنويس نے ملاڈ کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ فڑنويس نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ کلیان میں بھی تین افراد کے مرنے کی اطلاع ہے۔ممبئی میں جمعہ کی شب سے جاری بارش نے پیر کی شب ایک بار پھر طوفانی رُخ اختیارکر لی۔ اس کے نتیجے میں ممبئی شہر اور مضافاتی علاقے میں پیر کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور محض 48گھنٹے میں 550ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اتنی بارش اوسطاً پورے جون کے مہینے میں ہوتی ہے۔ اس بارش کے دوران پیش آئے مختلف واقعات کے دوران 22 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اس کی اطلاع دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں اور ہوشیار بھی رہیں۔ بی ایم سی نے کہاکہ امکانی بارش اور سیلاب جیسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔کمشنر پروین پردیسی کا کہنا ہے کہ جغرافیاتی تبدیلی اور موسم میں تبدیلی کا اثر ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن بارش کے پانی کو پمپنگ کرنے کے لیے کارپوریشن جتنی رقم خرچ کرتی ہے ،ایسا دنیا میں کہیں نہیں کیا جاتا ہے۔ بی ایم سی کے مطابق پیر کی شب پونے گیارہ بجے بحرعرب میں مدوجزر ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ سمندر میں بھرنی کے سبب سمندر کی لہریں 3.70میٹر تک اٹھ سکتی ہیں۔
ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور لوکل ٹرینوں اور شاہراہوں پرآمد ورفت پر زبردست اثر پڑا ہے۔ لوکل ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا ،صبح سویرے ویسٹرن ریلوے پر مرین لائنس اسٹیشن کی عمارت سے پلاسٹر اور باسن گرنے کے سبب اووہیڈ وائر ٹوٹ گیا اور تقریباً 100ٹرینوں کو منسوح کرنا پڑا اور سینٹر ل ریلوے 52ٹرینوں کو منسوخ کیا ہے۔کیونکہ جگہ جگہ پٹریوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹرینیں چلانا ناممکن تھا۔ ہاربر لائن کی 31ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ مغربی دورافتادہ مضافات وسئی ،ویرار،پالگھر ،نالاسوپارہ اور بوریولی ،بھائیندر اور میراروڈ کے ساتھ ساتھ تھانے میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ اندھیری میں ریلوے کا سب وے بند کردیا گیا ہے جبکہ سانتاکروز کا ملن سب بھی پانی نکالنے کا کام جاری ہے اور اسے بھی موٹرگاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند کرنا پڑا ہے ۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/1gjtO

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.