Home / اہم ترین / ممتا بنرجی نے مسلسل تیسری بار مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا

ممتا بنرجی نے مسلسل تیسری بار مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا

کولکاتا:(ہرپل نیوز؍ایجنسی) 5؍مئی:مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کو آج لگاتار تیسری مدت کے لیے ریاست کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ہے۔ گورنر جگدیپ دھنکڑ نے کولکاتہ میں راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران اُنہیں عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا۔ نو منتخبہ اسمبلی ممبروں کی حلف برداری کَل اور اس کے ایک دن بعد دو مرحلوں میں اسمبلی ہاو ٔس میں ہی ہوگی۔ راج بھون میں حلف برداری کی تقریب کووڈ ضابطوں پر عمل آوری کے بیچ ہوگی۔

آل انڈیا ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے بدھ کے روز تیسری بار مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر جگدیپ دھنکڑ نے راج بھون میں منعقد ایک سادہ تقریب میں محترمہ بنرجی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔محترمہ بنرجی نے بنگالی زبان میں حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں محترمہ بنرجی کے بھتیجے اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی، آئی۔ پی اے سی سربراہ پرشانت کشور، اسمبلی کے سابق اسپیکر ومان بنرجی، فرہاد حکیم، اداکار سے رکن پارلیمنٹ بنے دیو، ریاست کے چیف سکریٹری الفان بندھوپادھیائے، ڈائریکٹر جنرل پولیس اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

اس دوران اپوزیشن کا کوئی رکن موجود نہیں تھا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش اور کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور پردیپ بھٹا چاریہ کو تقریب میں شامل ہونے کے لیے دعوت نامہ بھی بھیجا گیا تھا لیکن وہ نہیں پہنچے۔

محترمہ بنرجی پہلی بار سال 2011 میں وزیراعلی ٰبنی تھیں، جب انہوں نے اس وقت کے بدھ دیو بھٹاچاریہ کی قیادت والے بایاں محاذ کو انتخاب میں شکست دی تھی اور اسی کے ساتھ کافی طویل عرصے سے ریاست میں بایاں محاذ کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔ دوسری بار انہوں نے سال 2016 میں انتخاب میں 211 سیٹیں جیت کر اپنی پارٹی کی حکومت برقرار رکھی۔ حال ہی میں 2021 کے اسمبلی انتخابات میں محترمہ بنرجی نے 213 نشستوں پر کرشمائی جیت حاصل کی۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/YUWrv

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.