Home / اہم ترین / ٹی آر پی گھوٹالہ میں ریپبلک کے ارنب کو نہیں ملی راحت ۔گرفتاری پر روک لگانےسے کورٹ کا انکار

ٹی آر پی گھوٹالہ میں ریپبلک کے ارنب کو نہیں ملی راحت ۔گرفتاری پر روک لگانےسے کورٹ کا انکار

ممبئی ( ہرپل نیوز، ایجنسی) 20اکتوبر: ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں ریپبلک ٹی وی کے خلاف داخل کی گئی ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی ارنب گوسوامی کی پٹیشن پر انہیں کوئی واضح راحت نہ دیتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ اگر وہ ارنب گوسوامی کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل کرنا چاہتی ہے تو پہلے ارنب کو سمن جاری کرے۔اس کے ساتھ ہی کورٹ نے ارنب کو تلقین کی کہ اگر ممبئی پولیس کی جانب سے پہلے ہی سمن جاری ہوچکا ہے تو وہ جانچ میں تعاون کریں۔

گرفتاری پر روک سے کورٹ کا انکار: ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں ریپبلک ٹی وی اور ارنب گوسوامی کےخلاف ممبئی پولیس کی کارروائی کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں داخل پٹیشن پر جسٹس ایس ایس شندے اور ایم ایس کارنک کی دورکنی بنچ نے شنوائی کی۔ ارب کے وکیل ہریش سالوے نے کیس خارج کرنے اور جانچ سی بی آئی سے کرانے کی اپیل کی تھی ۔ بعد میں کورٹ کے حکم پر سالوے نے یقین دلایا کہ اگر ان کے موکل کو سمن موصول ہوا تو وہ یقینا ً تفتیش میں تعاون کریں گے ۔ انہوں نے ارنب کی گرفتاری پر روک لگانے کی بھی اپیل کی مگر کورٹ نے یہ کہتے ہوئے اسے مسترد کردیا کہ فی الحال وہ ایف آئی آر میں ملزمین کی فہرست میں نہیں ہیں اس لئے یہ راحت نہیں دی جاسکتی ۔

ممبئی پولیس سے جانچ کی رپورٹ طلب: کورٹ نے ممبئی پولیس کو بھی سخت الفاظ میں متنبہ کیاکہ ’’ ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں درج ایف آئی آر کوئی انسائیکلو پیڈیا نہیں ہے ، کورٹ یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ کیا کیس درج کیا گیا ہے اور اب تک کی تفتیش کس نتیجہ پر پہنچی ہے ۔‘‘ کورٹ نے ممبئی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اب تک کی جانچ سے کورٹ کو ۴؍ ؍ نومبر تک آگاہ کردے۔ کورٹ اگلی سماعت کو ۵؍ نومبر کو طے کی ہے۔ دوران سماعت ارنب کے وکیل سالوے نے الزام لگایا کہ ’’ ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے قصداًریپبلک ٹی وی اور گوسوامی کے ٹی آر پی کیس میں ملوث ہونے کا بیان جاری کیا ہے ۔‘‘

The short URL of the present article is: http://harpal.in/05ksi

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.