Home / اہم ترین / کانگو: دریا میں کشتی الٹنے سے 50 سے زائد افراد ہلاک

کانگو: دریا میں کشتی الٹنے سے 50 سے زائد افراد ہلاک

لندن: (ہرپل نیوز؍ایجنسی)11؍اکتوبر: کانگو میں رواں ہفتہ دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمال مغربی صوبے مونگالا کے گورنر کے ترجمان نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں ڈوبنے والے 51 افراد کی نعشیں جمعہ تک نکال لی گئی تھیں جبکہ اب بھی 70 افراد لاپتہ ہیں اور 39 افراد کو بچا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشتی میں سوار مزید مسافروں کا پتہ نہیں چلا اور ہم نے کشتی میں گنجائش کی بنیاد پر لاپتہ افراد کا تخمینہ لگایا ہے۔ نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ حادثہ رات کے وقت خراب موسم میں کشتی میں ممکنہ طور پر حد سے زیادہ مسافروں کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہو گا۔حادثے کا دو دن تک کسی کو بھی پتہ نہیں چلا کیونکہ جمعہ تک میڈیا یا حکام کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی اور پھر ہفتے کو صوبائی حکام نے واقعے کی تصدیق کی۔

مگباڈو نے کہا کہ منگالا حکام نے ڈی آر سی کے دارالحکومت کنشاسا میں حکام کو کشتی ڈوبنے کے فوری بعد آگاہ کیا تھا لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں مزید معلومات کے منتظر تھے۔انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش اور انہیں بچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ہی مزید زندہ بچ جانے والوں کے حوالے سے امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔صوبائی حکام نے پیر سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

کشتی کے حادثات وسیع معدنیات سے مالا مال ملک کانگو میں اکثر پیش آتے رہتے ہیں کیونکہ اکثر کشتیاں اور جہازوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار ہوتے ہیں اور اکثر مسافر لائف جیکٹس نہیں پہنتے۔ رواں سال فروری میں700 مسافروں کو لے جانے والا ایک جہاز ڈوبنے سے کم از کم 60 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

اس سے قبل جنوری میں کیو جھیل میں ایک مسافر کشتی ڈوبنے کے سے بچوں اور خواتین سمیت کم از کم تین افراد ڈوب گئے تھے۔جولائی 2010 میں مغربی صوبے بانڈنڈو میں کشتی الٹنے سے 135 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/KT3Er

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.