Home / اہم ترین / کورونا اموات کے اعداد و شمار عام کر نے کا حکم۔تعداد جاننا عوام کا بنیادی حق ہے: پٹنہ ہائی کورٹ

کورونا اموات کے اعداد و شمار عام کر نے کا حکم۔تعداد جاننا عوام کا بنیادی حق ہے: پٹنہ ہائی کورٹ

پٹنہ( ہرپل نیوز ، ایجنسی) 19 جون۔پٹنہ ہائی کورٹ نے حکومت بہار کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کے اعدادوشمار کو عام کرے اور تمام منتخب عوامی نمائندوں کو 24 گھنٹے میں اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والی اموات سے مطلع کرے۔ عدالت نے کہا کہ اموات کے اعدادوشمار کو جاننا عوام کا بنیادی حق ہے۔چیف جسٹس سنجے کرول اور جسٹس ایس کمار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شیوانی کوشک اور دیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد کہا کہ شہریوں کو پیدائش اور موت سے متعلق اعداد و شمار کے بارے میں جاننے کا بنیادی حق حاصل ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کے اعداد و شمار کو حکومت ظاہر کرنا نہیں چاہتی ہے۔ججوں نے پیدائش اور موت سے متعلق ڈیجیٹل پورٹل کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہ کرنے پر بھی ریاستی حکومت سے برہمی کا اظہار کیا اور حکومت کو باقاعدگی سے اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جب مرکزی اور ریاستی حکومت ڈیجیٹل انڈیا کو ایک پرچم بردار پروگرام بنانے کے لئے عہد بند ہے، تب حکومت کا فرض ہے کہ وہ ریاست کے دس کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کی صحیح تعداد کے بارے میں مطلع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ متوفی کے لواحقین کو سرکاری اسکیموں سے فائدہ حاصل ہوسکے۔بنچ نے ہدایت دی کہ ریاست کے چیف سکریٹری یا ایڈیشنل چیف سکریٹری یا ڈویلپمنٹ کمشنر فوری طور پر متعلقہ افسران سے مل کر فیصلہ کریں کہ عدالت کے اس حکم کو کس طرح نافذ کیا جائے گا۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/duhm3

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.