Home / اہم ترین / کورونا وائرس کی دہشت : حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں داخلہ پر احتیاطاًپابندی عائد۔ رمضان میں بھی عمرہ کی ویزا جاری ہونا مشکل

کورونا وائرس کی دہشت : حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں داخلہ پر احتیاطاًپابندی عائد۔ رمضان میں بھی عمرہ کی ویزا جاری ہونا مشکل

ریاض ؍ تہران ۔(ایجنسی) 5 مارچ :سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کے طور پر حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ اپنے تمام شہریوں کے علاوہ غیرمقیم افراد اور خلیجی تعاون کونسل کے 6 ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور عازمین عمرہ کیلئے ویزے منسوخ کردیئے گئے ہیں اور وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو عارضی طور پر حرم شریف اور مسجد نبویؐ آنے سے روک دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ نئے کورونا وائرس 19-COVID کے پھیلاؤ کے باعث کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر ہی سعودی عرب کے شہریوں اور غیرمقیم افراد کے عمرے عارضی طور پر معطل کردیئے گئے ہیں۔ حرمین شریفین میں داخلہ پر پابندی ہٹالینے کا فیصلہ صورتحال پر منحصر ہوگا۔ کورونا وائرس کا خطرہ برقرار رہا تو رمضان المبارک میں اقطاع عالم سے آنے والے عمرہ عازمین کیلئے ویزے جاری نہیںکئے جائیں گے اور سالانہ حج کے موقع پر بھی ویزوں کی اجرائی غیریقینی ہوگی۔ ایران کے تمام صوبوں تک کورونا وائرس پھیل گیا ہے۔ اس کی وجہ سے حکام نے ایران کے تمام بڑے شہروں کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو منسوخ کردیا ہے۔ ایران کے دیگر علاقوں میں کوروناوائرس کے پھوٹ پڑنے کی اطلاعات کے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی کو منسوخ کیا گیا ہے۔ ایران میں اس وائرس سے اب تک 92 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 2922 افراد متاثر بتائے گئے ہیں۔ صدر ایران حسن روحانی نے کہا کہ وائرس کے پھیل جانے کے باعث متاثرہ شہریوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اپنی ویب سائیٹ پر لکھا ہیکہ یہ بیماری پھیل چکی ہے۔ اس طرح سے یہ عالمی بیماری بن چکی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ وائرس کا پھوٹ پڑنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ وائرس سے بچاؤ کیلئے دعا کریں۔ چین میں اس وائرس کا زور ٹوٹ چکا ہے لیکن سعودی عرب میں یہ وائرس پھیلنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے ایک سعودی شہری نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا اور بحرین کے راستہ ملک میں واپس آیا تھا۔ سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو بیرون ملک سے عمرہ پر آنے والے معتمرین کے مکہ مکرمہ میں داخلہ پر عارضی پابندی عائد کردی تھی۔ اس لئے اب وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مکہ مکرمہ میں عمرے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کیلئے داخلہ پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/pN25x

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.