Home / اہم ترین / کورونا کے سبب 15کروڑ افراد شدید غربت کا شکار ہوجائیں گے۔ ورلڈ بینک کا انتباہ

کورونا کے سبب 15کروڑ افراد شدید غربت کا شکار ہوجائیں گے۔ ورلڈ بینک کا انتباہ

واشنگٹن(ایجنسی)8اکتوبر:ورلڈ بینک نے بدھ کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس’کووڈ-۱۹‘ کی وبا کے سبب دنیا بھر میں ۲۰۲۱ء تک ۱۵؍ کروڑ افراد کے شدید غربت کا شکارہو جانے کا اندیشہ ہے۔ عالمی بینک کےمطابق اگر وبا نہ ہوتی تو ۲۰۲۰ء میں عالمی سطح پر غربت کی شرح میں ۷ء۹؍فیصد کی کمی کی امید تھی۔

ورلڈ بینک نے جو تخمینہ پیش کیا ہے اس کے مطابق کووڈ-۱۹؍کی وبا مزید ۸ء۸؍ کروڑ سے لے ۱۱ء۵؍ کروڑ تک لوگوں کوغربت میں دھکیل دے گی جس کے بعد ۲۰۲۱ء تک دنیا میں غریبوں کی تعداد بڑھ کر ۱۵؍ کروڑ سے تجاوز کرجائے گی۔ ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈمالپاس کے مطابق ’’عالمی وبا اور معاشی سست روی دنیا کی ۱ء۴؍فیصد آبادی کو خط افلاس کے نیچے دھکیل سکتی ہے۔ ‘‘ ان کے مطابق’’ترقی اور غربت میں کمی کی کوششوں کو لگنے والے اس شدید جھٹکے کے بعد ملکوں کو ایک نئی طرز کی معیشت کو قبول کرنا ہوگا۔‘‘

رپورٹ کے مطابق نئے غریب ان ممالک میں پیدا ہوں گے جہاں غربت پہلے ہی کافی زیادہ ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق وہ ممالک جہاں اوسط آمدنی والے افراد بستےہیں، وہاں بڑی تعداد میں لوگ شدید غربت کا شکار ہوںگے۔ عالمی ادارہ کے مطابق اس سے جو ممالک متاثر ہوں گے ان میں سے ۸۲؍ فیصد وہ ممالک ہوں گے جو اوسط آمدنی والے ہیں۔

ہندوستان سے ڈیٹا نہ ملنے کی شکایت: رپورٹ میں ورلڈبینک نے ہندوستان سے ڈیٹا نہ ملنے پر شکایت بھی کی ہے۔ اس کے مطابق ہندوستان کی جانب سے حالیہ اعدادوشمار نہ ملنے کی وجہ سے عالمی سطح پر غربت پر نظررکھنے کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ بینک کے مطابق’’ ہندوستان جو شدید غریبوں کی بڑی آبادی والی معیشت ہے،سے حالیہ ڈیٹا نہ ملنے کی وجہ سے عالمی سطح پر غربت کے تعلق سے جو اندازے لگائے جا رہے ہیں ان کے تعلق سے غیر یقینی پیدا ہوجاتی ہے۔‘‘

The short URL of the present article is: http://harpal.in/WwtK0

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.