Home / اہم ترین / ہندوستان کیلئے 79ہزار 237 عازمین کا حج کوٹہ مختص، انڈونیشیا اور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ کوٹہ مقرر

ہندوستان کیلئے 79ہزار 237 عازمین کا حج کوٹہ مختص، انڈونیشیا اور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ کوٹہ مقرر

نئی دہلی :(ہرپل نیواز/ایجنسی)24؍اپریل: سعودی عرب کی حکومت نے ہندوستان کو مطلع کیا ہے کہ اس سال ہندوستانی شہری حج کر سکیں گے، تاہم کووڈ سے متعلق قوانین کی وجہ سے اس نے حج کوٹہ 79,237 تک محدود کردیا ہے۔ اقلیتی امور کی وزارت کے عہدیداروں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے ہندوستان کو بتایا کہ اس سال صرف 65 سال سے کم عمر کے لوگ ہی حج کر سکیں گے۔حکام کے مطابق حج 2022 کے لیے ہندوستان کا حج کوٹہ 79,237 عازمین حج مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں سے 56,601 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے جائیں گے اور 22,636 پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے جائیں گے۔ اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ حج کی تیاریاں مکمل ہیں اور حج ڈیوٹی پر جانے والے لوگوں کے انٹرویو کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔دو سال کے وقفہ کے بعد ہندوستانی عازمین سفر حج پر جائیں گے۔ سعودی حکومت نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے حج کوٹہ کا بھی اعلان کردیا۔ سب سے زیادہ کوٹہ انڈونیشیا اور پاکستان کے لیے جاری کیا ہے، جس کے تحت رواں سال دونوں ممالک سے علیحدہ علیحدہ 81 ہزار 132 عازمین فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے جائیں گے۔سعودی عرب نے رواں سال 10 لاکھ عازمینِ حج کی میزبانی کررہا ہے، جس میں ملکی اور غیر ملکی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ حکومت نے تمام مسلمان ممالک کے حج درخواستوں کا کوٹہ جا ری کیا ہے جس میں بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار 585، نائجیریا کا 43 ہزار 8، افغانستان کا 13ہزار 582 اور ترکی کا 37 ہزار 770 ہے۔ اسی طرح برطانیہ 12 ہزار 348، امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کو 9 ہزار 268 افراد کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کی بنیاد پر حج کوٹہ مختص کرتا ہے جبکہ رواں سال سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج ادا نہیں کرسکیں گے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/5NyjV

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.