نئی دہلی:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)21؍جنوری: مصر ی صدر عبدالفتاح السیسی ملک کے 74ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی ہیں، 24 جنوری کو ہندوستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مصری صدر السیسی 25 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کریں گے اور اگلے دن 26 جنوری کو کرتویہ پتھ پر یوم جمہوریہ کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
سرکاری شیڈول کے مطابق مصری صدر السیسی بدھ کی صبح سب سے پہلے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔اس کے بعد وہ حیدرآباد ہاؤس میں پی ایم مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔اس میٹنگ میں ہندوستان اور مصر کے درمیان زراعت، سائبر سیکورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ کے شعبوں میں پانچ یا چھ معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
عبد الفتاح السیسی پہلے مصری اور عرب دنیا کے پانچویں رہنما ہوں گے، جو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔اس سے قبل 1991 میں الجزائر کے صدر، 2002میں ایران کے صدر، 2006میں سعودی عرب کے بادشاہ اور 2017میں متحدہ عرب امارات کے سلطان یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی تھے۔ السیسی اس سے قبل تین بار ہندوستان کا دورہ کر چکے ہیں۔