Home / اہم ترین / یوپی کے دینی مدارس میں قومی ترانہ پڑھنا لازمی

یوپی کے دینی مدارس میں قومی ترانہ پڑھنا لازمی

لکھنؤ: (ہرپل نیوز؍ایجنسی)13؍مئی: اترپردیش کے تمام مدرسوں میں آج سے قومی ترانہ ”جن گن من“ پڑھنا لازمی قراردے دیا گیا ہے۔ یوپی مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے رجسٹرار ایس این پانڈے نے اس ضمن میں 9مئی کو تمام ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ایک حکم نامہ بھی جاری کیا۔ 24 مارچ کو بورڈ کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاست بھر کے تمام دینی مدارس میں عبادت کے وقت قومی ترانہ پڑھنا لازمی قراردیا گیا ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ مدارس میں رمضان کی تعطیلات کے بعد 12 مئی سے باقاعدہ کلاسس شروع ہورہی ہیں اور اسی دن سے یہ حکم نافذالعمل ہوگا۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ کلاسس شروع ہونے سے پہلے اساتذہ اور طلبا قومی ترانہ پڑھیں گے۔ ریاست کے تمام مسلمہ‘ امدادی و غیرامدادی مدارس میں آنے والے تعلیمی سال سے اس کا لزوم عائد کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسرس کو احکام کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ مدارس عربیہ ٹیچرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری دیوان شاہ زمان خان نے بتایا کہ اب تک مدارس میں کلاسس کے آغاز سے قبل حمدوسلام پڑھا جاتا تھا۔ بعض مدارس میں قومی ترانہ بھی پڑھا جاتا تھا لیکن یہ لازمی نہیں تھا۔

ریاست کے وزیر اقلیتی بہبود دھرم پال سنگھ نے گزشتہ ماہ مدارس میں قوم پرستی کی تعلیم دینے پر زور دیا تھا جس کے بعد یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر دانش آزاد انصاری نے بھی کہا تھا کہ حکومت چاہتی کہ مدارس کے طلبا حب الوطنی سے سرشار ہوں۔ فی الحال اترپردیش میں جملہ 16461 مدارس ہیں جن کے منجملہ 560 کو سرکاری امداد حاصل ہوتی ہے۔

The short URL of the present article is: http://harpal.in/1wweV

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے خانے پر* نشان لگا دیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.