نئی دہلی:(ہرپل نیوز؍ایجنسی) یکم نومبر: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں۔ گزشتہ ایک سال میں پیٹرول، ڈیزل، سی این جی، پی این جی، ایل پی جی (لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس) سلنڈر کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی ہیں۔ پیر یعنی یکم نومبر 2021 سے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 6 اکتوبر کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 15 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جولائی سے اب تک 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 90 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ تاہم جہاں آج گھریلو قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا وہیں کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں کل 266 روپئے فی سلنڈر کا اضافہ ہوا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اب آپ کو 19 کلو کا کمرشل سلنڈر 2000.50 روپئے میں ملے گا۔ پہلے اس کی قیمت 1,734 روپئے تھی۔گھریلو گیس سلنڈر کی وہی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ تاہم یہ ہو سکتا ہے کہ دیوالی کے بعد ان کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے، کیونکہ گزشتہ مہینے دو باراضافہ ہوا تھا۔ پہلا یکم اکتوبر کو، دوسرا 6 اکتوبر کو۔
19 کلو کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت کیا ہوگی؟
دہلی – 2,000.50 روپئے فی سلنڈر
ممبئی – 1,950 روپئے فی سلنڈر
کولکاتہ – 2,073.50 روپئے فی سلنڈر
چنئی – 2,133 روپئے فی سلنڈر
ایل پی جی کوکنگ گیس سلنڈر کی قیمتیں کیا ہیں؟
دہلی – 899.50 روپئے فی سلنڈر
ممبئی – 899.50 روپئے فی سلنڈر
کولکاتہ – 926 روپئے فی سلنڈر
چنئی – 915.50 روپئے فی سلنڈر
واضح رہے کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں سبسڈی والے گیس سمیت ہر طرح کے سلنڈر میں 6 اکتوبر 2021 کو 15 روپئے فی کلو کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے یکم اکتوبر 2021 کو سبسڈی اور غیر سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔