لکھنؤ:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)3جنوری: لکھیم پور کھیری کیس کی تحقیقات کرنے والی اتر پردیش پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے ایک مقامی عدالت میں 5000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے۔ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے مظاہرے کے دوران ہوئے تشدد میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔
خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی چارج شیٹ کے ہزاروں صفحات آج صبح لکھیم پور کھیری میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پہنچے۔ صفحات ایک بڑے باکس میں تھے جس میں دو تالے لگے ہوئے تھے۔سینئر پراسیکیوشن آفیسر ایس پی یادو نے لکھیم پور میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہاں چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے۔مرکزی وزیر اجے مشرا کا جیل میں بند بیٹا آشیش مشرا گزشتہ سال اکتوبر میں لکھیم پور کھیری میں چار کسانوں اور ایک صحافی کے قتل کا مرکزی ملزم ہے۔ اس میں کل آٹھ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔استغاثہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ چارج سیٹ میں ایک اور شخص وریندر شکلا کا نام شامل کیا گیا ہے۔ اس پر آئی پی سی کی دفعہ 201 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔یوپی پولیس نے اگلے دن ایف آئی آر درج کی تھی، جس میں آشیش مشرا اور دیگر 12 افراد کو قتل کا ملزم قرار دیا گیا تھا۔ لیکن مرکزی وزیر کے بیٹے کو ایک ہفتہ بعد سپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔