جے پور:(ہرپل نیوز؍ایجنسی)27؍نومبر: راجستھان پولیس کی خصوصی یونٹ نے سرحدی علاقے سے ایک نوجوان کو پاکستان کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ گرفتار نباب خان پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (انٹلیجنس) امیش مشرا نے بتایاہے کہ نباب خان جو طویل عرصے سے آئی ایس آئی کے مقامی ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا، کو جیسلمیر کے چندن سے گرفتار کیا گیا ہے۔یہاں سے جاری بیان کے مطابق ملزم نباب خان 2015 میں پاکستان کے دورے پر گیا تھا۔ وہ وہاں آئی ایس آئی کے ہینڈلر سے رابطے میں آیا۔ اسے 15 دن کی ٹریننگ اور 10000 روپے دیے گئے۔ ہندوستان واپسی پر اس نے جاسوسی شروع کر دی۔ اس کے بعد بھی وہ دو تین بار پاکستان گیا۔چاندن کی مرکزی شاہراہ پر نباب خان کی موبائل فون، سم کارڈ اور فوٹو سٹیٹ کی دکان ہے۔
الزام ہے کہ اس دکان کی آڑ میں وہ مقامی فوجی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتا تھا اور اسے اپنے ہینڈلر کو فراہم کرتا تھا۔ملزم سے پوچھ گچھ اوراس کے موبائل فون سے ملنے والی اسٹریٹجک اہمیت کی اہم دستاویزات کی بنیاد پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔